میرپور (وائس آف پاکستان)سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر ظہیرالدین قریشی نے کہا ہے کہ انسانی معاشرے اور معیشت میں علم کی شمع کو روشن اور فروغ دیئے بغیر قوموں کی تعمیر و ترقی کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔علم کا حصول مرد اور عورت کے لیے دینی اور قومی فریضہ ہے۔آزاد کشمیر کا لٹریسی ریٹ پاکستان کے چاروں صوبوں سے بہتر ہے۔تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ وطالبات کی کریکٹر بلڈنگ میں اساتذہ، والدین اور علماء کرام اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کسگمہ ایجوکیشنل ویلفیئر ٹرسٹ بھمبر کے زیر اہتمام گورنمنٹ بوائز انٹر سائنس کالج گوجرہ میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اہم اور قومی نوعیت کی پروقار تقریب میں ایلیمنٹری بورڈ بھمبر ڈسٹرکٹ، آزاد کشمیر تعلیمی بورڈ میرپور، میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر انتظام امتحانات میں نمایاں پوزیشنز اور تحصیل و ڈسٹرکٹ لیول تقریری، نعت اور کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشنز لینے والے طلبہ و طالبات کو شیلڈز دی گئیں۔ تقریب میں ناظم اعلی ایجوکیشن کالجز آزاد کشمیر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ عبدالرحمن، ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ڈاکٹر نذر حسین،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ بھمبر راجہ محمد شفیق اصغر، ڈسٹرکٹ ایجو کیشن آفیسر (نسواں) بھمبرمحمد وقاص صابر، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر بھمبرآفاق احمد قریشی،اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر بھمبرفضل احمد، اسسٹنٹ سوشل ویلفیئر آفیسر بھمبر راجہ اعتزاز نے بھی شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا،نعت کی سعادت گورنمنٹ سکول گوجرہ کے طالب علم نے حاصل کی۔تقریب سے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن حکومت آزاد کشمیر ظہیر الدین قریشی، پروفیسر ڈاکٹر خواجہ عبدالرحمن، ڈاکٹر نذر حسین،جنرل سیکرٹری کسگمہ ایجوکیشن ویلفیئر ٹرسٹ طارق محمود چوہدری،ماسٹر ظہور
احمداور دیگر نے خطاب کیا۔اس تقریب میں بلدیاتی نمائندگان،میڈیا نمائندگان سمیت عوام علاقہ نے شرکت کی۔ مہمانان گرامی کا تقریب آمد پر کسگمہ ایجوکیشن ویلفیئر ٹرسٹ کے ممبران نے استقبال کیا،اس موقع پر مہمانان گرامی نے پوزیشن لینے والے طلبا اور طالبات میں شیلڈز تقسیم کیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی گی۔اس موقع پر مہمانان گرامی نے ٹرسٹ کے ویلفیئر کے کاموں اور اس تقریب کے انعقاد کو سراہا اور کسگمہ ایجوکیشن ویلفیئر ٹرسٹ کے ممبران اور ڈونرز کو خراج تحسین پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر کسگمہ ایجوکیشن ویلفیئر ٹرسٹ کے ممبران نے مہمانان گرامی کو سوینئرز پیش کیں۔
0