0

سابق وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ حریت راہنما سید علی گیلانی کے نعرہ ”ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے

میرپور(وائس آف پاکستان)پی آئی ڈی کے مطابق سابق وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ حریت راہنما سید علی گیلانی کے نعرہ ”ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے ”کی گونج دنیا کے ہر کونے میں سنائی دے رہی ہے۔انہوں نے آخری سانس تک ریاست جموں و کشمیر کو بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزاد کروانے کے لئے بھرپور جدوجہد کی وہ ریاست کے پاکستان سے الحاق کے داعی تھے اور اپنی آخری سانس تک بھارتی ظلم و جبر کے سامنے ڈٹ کر کھڑے رہے۔سید علی گیلانی ریاست جموں کشمیر کے عوام کی آواز تھے جنھوں نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کو متحد و منظم کرکے تحریک آزدی کشمیر کے سفر کو منزل کی طرف رواں دواں رکھا۔آج ان کی برسی کے موقع پر پوری کشمیری قوم کو یہ عہد کرنا ہوگا کہ ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔سابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے حریت راہنما سید علی گیلانی کی برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کہاکہ سید علی گیلانی نے ساری زندگی بھارتی افواج کی سنگینوں تلے گزاری بھارتی حکومت اور نام نہاد فوجی طاقت انھیں تحریک آزادی کشمیر کے مشن سے منحرف کرنے میں بری طرح ناکام رہی بھارت کی انتہا پسند حکومت کی طرف سے انھیں قید و بند کی تکالیف برداشت کرنا پڑیں لیکن بھارتی فوجی ظلم و بربریت انہیں ان کے مشن سے کبھی ہٹانے میں کامیاب نہیں ہوسکے وہ تحریک آزادی کشمیر اور الحاق پاکستان کے محافظ تھے ان کی پاکستان سے محبت اور جذبہ ہمالیہ سے بھی بلند تھا۔چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ بھارت جان لے کہ وہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر پر زیادہ دیر طاقت کے بل بوتے پر اپنا ناجائز اور جابرانہ تسلط نہیں رکھ سکتا اسے کشمیریوں کا پیدائشی حق خودارادیت ضرور دینا پڑے گا۔تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کے لوگ اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں