بھمبر(وائس آف پاکستان)پی آئی ڈی کے مطابق سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کی خصوصی ہدایت پر راجا بڈھے خاں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سماہنی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی آگاہی سمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں تحصیل سماہنی کے گورنمنٹ اور پرائیویٹ ادارہ جات کے اساتذہ کرام،ادارہ ھذا کے سٹاف اور طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار میں نامور آئی ٹی ماہر انجینئر فاخر جبران نے جدید ٹیکنالوجی کی افادیت پر لیکچرر دیا۔ اس موقعہ پر انہوں نے میٹا ورس ٹیکنالوجی کی اہمیت اور مستقبل میں آئی ٹی کے شعبہ میں آنے والے انقلاب سے سامعین کو آگاہ کیا اور ای۔کامرس، آرٹیفشل انٹلیجنس روبوٹکس ٹیکنالوجی کی اہمیت پر بھی آگاہی دی۔ اس موقع پر پرنسپل ادارہ ھذا پروفیسر راجا افتخار احمد خاں نے خطاب کرتے ہوئے کالج تشریف آوری پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا ۔پرنسپل ادارہ ھذا کا مزید کہنا تھا کہ بوائز ڈگری کالج سماھنی اپنے طلباء کےلیے جدید طریقہ تعلیم کی ہر سہولت فراہم کر رہا ہے اور انشاء اللہ جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوۓ طلباء کے روشن مستقبل کےلیے ہر راہ ہموار کرے گا۔ ہمارا ادارہ اپنی نوعیت کا واحد ادارہ ہے جس نے طلباء کی آگاہی کے لیے اس طرح کے سیمینار کا انعقاد کیا ہے۔ طلباء کو چاہیے کہ جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوۓ اپنا مستقبل روشن بنائیں۔ آخر میں معزز مہمان کو کالج کی طرف سے شیلڈ پیش کی گئی۔
0