راولپنڈی ( آن لائن) پاک فوج کے ترجمان نے انکشاف کیا ہے کہ فوج نے اپنی روایات کے مطابق خود احتسابی کا عمل مکمل کرلیا ہے ،اور ایک لیفٹیننٹ جنرل سمیت3 افسران کو نوکری سے فارغ کیا جا چکا ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ متعدد گیریژنز میں جوپرتشدد واقعات ہوئے، ان پر 2 ادارہ جاتی انکوائریز کی گئی ہیں جن کی صدارت میجر جنرلز کے عہدے کے افسران نے کی ۔ ایک مفصل احتسابی عمل کے بعد کورٹ آف انکوائریزکی سفارشات پر یہ فیصلہ کیاگیا کہ متعلقہ ذمہ داران، گیریژنز، فوجی تنصیبات، جی ایچ کیو اورجناح ہاﺅس کی سیکیورٹی اور تقدس کوبرقرار رکھنے میں ناکام ہوئے، ان کیخلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی گئی ہیں۔ایک لفٹیننٹ جنرل سمیت3 افسران کو نوکری سے برخاست کردیاگیا،3 میجر جنرل , 7 بریگیڈیئرز اور15 افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی مکمل کی جاچکی ہے ، ان سزاﺅں سے اندازہ ہوگا کہ فوج کے اندر خود احتسابی کا عمل بغیر کسی تفریق کے مکمل کیاجاتاہے اور جتنا بڑا عہدہ ہوتا ہے، اتنی بھاری ذمہ داری نبھانا پڑتی ہے ۔
0