ڈڈیال/میرپور(وائس آف پاکستان)پی آئی ڈی کے مطابق آزاد جموں وکشمیر حکومت کے وزیر چوہدری اظہر صادق کا اچانک تحصیل ہیدکواٹر ہسپتال کا دورہ،وزیر حکومت چوہدری اظہر صادق کو ہسپتال میں دیکھ کر ایم ایس سمیت پورے ہسپتال عملے کی دوڑیں لگ گئیں،وزیر حکومت نے ہسپتال کی ایمرجنسی سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر ندیم فضلداد نے انہیں ہسپتال میں دی جانے والی صحت کی سہولیات اور مختلف شعبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیر حکومت نے ہسپتال کے عملے کو عام مریضوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی سختی سے ہدایت کی۔ہسپتال پہنچتے ہی وزیر حکومت نے اکاونٹر کی لائن میں لگ کر سب سے پہلے اکاونٹر کے حالات چیک کئے اسکے بعد ایم ایس کے ہمراہ پورے ہسپتال کا وزٹ کیا ڈاکٹروں کی بائیومیٹرک حاضری کے معاملات چیک کرنے کے بعد ایک ایک ڈاکٹر کے روم میں جاکر مریضوں کی تفصیلات بھی چیک کیں کہ ایک دن میں کتنے مریضوں کو ہسپتال میں چیک کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کی زنانہ و مردانہ وارڈز کا بھی وزٹ کیا وارڈز میں موجود مریضوں سے علاج معالجہ کے حوالے سے سوال جواب پوچھے ہسپتال میں موجود لوگوں سے ان کے مسائل پوچھے اور علاج معالجہ کے حوالے سے تفیصلی بات چیت کی۔مریضوں کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں علاج معالجہ کی بہترین سہولت موجود ہے اور ہسپتال کا عملہ بھی ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے،ہسپتال میں موجود میڈیکل سٹور کا بھی وزٹ کیا اور میڈیکل سٹور میں ادویات کی مکمل تفصیلات حاصل کیں سانپوں اور کتوں کے کاٹنے کی ویکسین وافر مقدار میں میڈیکل سٹور میں موجود پائی گئی۔اسکے علاوہ اینٹی بائٹک ادویات بھی کافی مقدار میں موجود پائی گئیں جو ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو باقاعدگی کے ساتھ مہیا کی جا رہیں ہیں۔اس موقع پر انہوں نے ایم ایس ڈاکٹرندیم فضلداد کو خصوصی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل کو یقینی بنائیں کہ ہسپتال میں آنے والے تمام مریضوں کو بلکل اسی طرح فری ادویات مہیا کی جائیں۔ہسپتال میں موجود لیبارٹری کے وزٹ کے دوران لیبارٹری میں موجود سٹاف کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں آئیندہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کی سختی سے ہدایت کی۔وزیر حکومت نے لیبارٹری ٹیسٹوں کے ریٹس بھی چیک کیے اور اس موقع پر انہوں نے ایم ایس تحصیل ہیدکوارٹرڈاکٹر ندیم فضلداد کو خصوصی ہدایت جاری کی کہ تمام ڈاکٹروں کے نام اور ہسپتال میں ہونے والے تمام لیبارٹری ٹیسٹوں کے ریٹس آویزاں کئے جائیں تاکہ تمام آنے والے مریضوں کو علاج معالجہ کی مکمل معلومات حاصل ہوسکے۔تحصیل ہیدکواٹر ہسپتال کے مکمل معائنے کے بعد وزیر حکومت چوہدری اظہر صادق نے ایم ایس تحصیل ہیدکوارٹر ندیم فضلداد اور انکے پورے سٹاف کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں سختی سے ہدایت جاری کہ ہسپتال میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور مزید کہا کہ مریضوں کے علاج معالجہ کے معاملے میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔چوہدری اظہر صادق نے مزید کہا کہ سٹاف میں سے اگر کسی کی شکایت سامنے آئی تو اسکے خلاف فوری طور پر تحت ضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے اندر علاج معالجہ کے معاملے میں جو کمی پائی گیں ہیں انکو اولین ترجیحات میں حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔وزیر حکومت کا مزید کہنا تھا کہ اقتدار پھولوں کی سیج نہیں بلکہ کانٹوں کا بستر ہے دن رات اسی کوشش میں لگا رہتا ہوں کہ جتنا ممکن ہوسکے اپنے حلقے کی عوام کے مسائل کو دور کروں۔انتخابی وعدوں کی تکمیل کا سفر پہلے دن سے جاری رکھا ہوا ہے اور ان شائاللہ آگے بھی اسی طرح جاری و ساری رہے گا۔۔
0