149

خواتین کے لیے کمانا کیوں ضروری ہے ؟ قسط 4 تحریر معظمہ تنویر

خواتین کے لیے کمانا کیوں ضروری ہے ؟
قسط 4
تحریر معظمہ تنویر
لڑکیوں کو یہ سمجھانا بہت ضروری ہے کہ شادی تمام مسائل کا حل نہیں ہے ۔ اس بندھن میں بھی ہمیشہ نشیب و فراز آتے رہتے ہیں ۔ ضروری نہیں کہ آپ کو بہت خیال رکھنے والا ہمسفر ملے ۔ اگرچہ شادی کے بعد بیوی کی ضروریات کا خیال رکھنا شوہر کی ذمہ داری ہے لیکن بعض اوقات شوہر حضرات خوشدلی سے یہ ذمہ داری ادا نہیں کرتے ۔ اور ان کی بیویاں مسلسل تنگدستی کے ساتھ سمجھوتوں بھری زندگی گزارنے پر مجبور ہوتی ہیں ۔ کچھ شریک حیات اس اندیشے کے پیش نظر بھی خرچ روک کر رکھتے ہیں کہ کہیں ان کی بیویاں زیادہ توقعات نہ لگا بیٹھیں ۔ بل کہ ایسے افراد بھی ہیں جو بیوی کو خرچ کے معاملے میں تنگی دے کر خوشی محسوس کرتے ہیں ۔ اس حوالے سے اگر دیکھا جائے تو ہر شادی مثالی نہیں ہوتی ۔ سو معاشی تنگدستی سے بچنے کے لیے عورت کو شادی سے پہلے ہی اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کی ضرورت ہے ۔ اور شادی کے معاہدے میں یہ بات پہلے سے طے ہونی چاہیے کہ بیوی بن جانے کے بعد خاتون کو کام کرنے کی اجازت ہو گی ۔ ہاں میاں بیوی باہم رضامندی اور خوشی سے اس معاہدے میں تبدیلی کر سکتے ہیں اگر واقعی شوہر بیوی کا خرچ بخوشی اٹھانے کا عملی مظاہر کرے ۔ اکثر اوقات دیکھنے میں آیا ہے کہ بیوی سے تاحیات پورے خاندان کی خدمت لی جاتی ہے ۔جب کہ دوسری طرف اسے اخراجات کے حوالے سے کڑی نگرانی میں رکھا جاتا ہے اور ستم یہ کہ غیرت کے نام پر کمانے بھی نہیں دیا جاتا ۔سو شادی کے متعلق عورت کو صرف سنہرے خواب دیکھنے کی بجائے حقائق کو بھی دیکھنا چاہیے اور دوسری خواتین کے سنگین تجربات سے سیکھنا چاہیے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں